اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ڈاکٹر محمد سرفراز کو اسلامی جمہوریہ ایران نشریاتی ادارے آئي آر آئي بی کا سربراہ معین فرمایا ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی کے حکم میں آیا ہے کہ ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے ادارے کے کاندھوں پر ثقافتی خود مختاری اور اسلامی انقلاب کے تحفظ کی تاریخی ذمہ داری ہے۔ 
آپ نے تاکید کے ساتھ فرمايا ہے کہ آئي آر آئي بی، رائے عامہ کے افکار و ثقافت کی ہدایت و مدیریت کی سنگين ذمہ داری کی حامل ہے اور یہ ایک، عام یونیورسٹی کی طرح ہے جس کے فرائض میں ایرانی قوم کے درمیان دین، اخلاق، امید، آگاہی اور اسلامی ایرانی طرز زندگي کو فروغ دینا شامل ہے۔ 
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے حکم میں فرمایا ہے کہ آئي آر آئي بی، ایک ایسا ادارہ ہے جو ملک کی ترقی کے عمل کو بھرپور طرح سے آگے بڑھاتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ قوم کو میدان میں لانے کے لئے ہمہ گیر اور جدت پسندی پر مشتمل کوششیں کرنا، ملک میں اسلامی نظام کے اہداف کے حصول اور دراز مدّت پالیسیوں پر عمل درآمد میں مدد کرنے کے لئے حکومت کی مدد کرنا بھی، آئي آرآئي بی کی ذمہ داری ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے آئي آر آئی بی کے سابق سربراہ عزت اللہ ضرغامی کی خدمات کو بھی سراہا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر محمد سرفراز، آئی آر آئی بی کی ایکسٹرنل سروسیز کے سربراہ کی حیثت سے اپنے فرائص انجام دیتے رہے ہیں۔
.......
/169